کوہاٹ(بیورورپورٹ)کوہاٹ پولیس نے نوجوان کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا ہے ۔واردات کی چوبیس گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمے میں نامزد کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تھانہ بلی ٹنگ کی حدود میں واقع کمال خیل کے علاقے سے ایک مقامی نوجوان پیاؤ خان کی لاش ملی جسے سر پر پتھر مار کر موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد اسکی لاش ویرانے میں پھینک دی گئی تھی۔پولیس نے لاش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی اور قتل کے اس واقعے کا مقدمہ تھانہ بلی ٹنگ میں فوری طور پر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔مقدمے کے اندراج کے بعد ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ طاہر نواز نے تفتیشی ٹیم کے ہمراہ قتل کی واردات کا مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی تاکہ واقعے میں ملوث ملزمان تک پہنچا جاسکے تاہم پولیس کو واردات کے چوبیس گھنٹوں کے اندر اہم کامیابی ملی اور نوجوان کے قتل میں ملوث ملزم کا کھوج لگاکر اسےگرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق قتل کی اس واردات میں ملوث زیر حراست ملزم محمد حسین عرف زاناورنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے نوجوان کو سابقہ رنجش کی بناء پرسر پر پتھر کے پے درپے وار کرنے سے موت کے گھاٹ اتارنے کا انکشاف کیا ہے۔