پارٹی فنڈنگ تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کیخلاف عمران کی درخواست خارج

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی کے قیام کے خلاف عمران خان کی درخواست خارج کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلہ میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی کے قیام میں بااختیار ہے، تحقیقات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کسی فرد یا ادارے سے متعلقہ معلومات لے سکتا ہے۔عدالتی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے مشاہدے کے مطابق اکبر ایس بابر تحریک انصاف کے رکن ہیں۔ اگر اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کے رکن نہیں بھی رہے تو بھی الیکشن کمیشن انکوائری کیلئے طلب کرسکتا ہے۔ تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کی طرف سے امتیازی سلوک کا الزام درست نہیں۔الیکشن کمیشن کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ سے متعلق بھی کیسز زیر سماعت ہیں۔

Comments (0)
Add Comment