اسلام آ باد (نمائندہ امت )توحید کے پروانوں کی سعودی عرب آمد جاری ، 28 ہزارپاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔ 19 ہزار سرکاری جبکہ 9 ہزار سے زائد عازمین حج نجی حج سکیم کے ذریعے مکہ اور مدینہ منورہ پہنچے ۔ یہ بات وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے ایک بیان میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ پاکستان سے 14 جولائی کو شروع ہونے والی حج پروازوں سے اب تک 28 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچے ہیں جن میں سرکاری حج سکیم سے 19 ہزار جبکہ نجی حج سکیم سے 9 ہزار سے زائد عازمین شامل ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور نے اللہ کے مہمانوں کو مختلف سہولیات کی فراہمی اور انکی دیکھ بھال کیلئے اب تک پاکستان سے 5 سو کے قریب ویلفیئر سٹاف سعودی عرب بھجوایا ہے۔ ان میں پونے دو سو کے قریب ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہے جو جدہ ایئر پورٹ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمینِ حج کو طبی سہولیات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دفتر امور حجاج پاکستان کے مختلف شعبوں ، رہائشی عمارتوں اور سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے تینوں شہروں میں 3 سو سے زائد افسران اور سٹاف تعینات ہے جو دن رات شفٹوں میں ہفتے کے سات دن خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔ مدینہ منورہ ایئر پورٹ کے بعد اب جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر بھی پاکستانی عازمینِ حج کی آمد شروع ہو چکی ہے ۔حج سے قبل سرکاری حج سکیم کے 50 ہزار کے قریب عازمین حج مدینہ منورہ کی زیارت کریں گے جبکہ بقیہ 57 ہزار سے زائد عازمین حج کی مرحلہ وار روانگی حج کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔ دونوں حرمین میں عازمینِ حج کا رش دن بدن بڑھتا جا رہا ہےجو کچھ دن بعد اپنے عروج پر پہنچ جائے گا۔ اس سال پاکستان سے 1 لاکھ 84 ہزار 2 سو 10 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔