کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ کےچیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بلوچستان ہائی کورٹ کی سینئر ترین جج طاہرہ صفدر کو چیف جسٹس مقرر کر دیا ۔موجودہ چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی 31 اکتوبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے ان کے بعد جسٹس طاہرہ صفدر منصب سنھالیں گی ۔انہیں نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس بننے کا اعزاز حاصل ہو گا بلوچستان ہائی کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس طاہرہ صفدر جنرل پر ویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کی بھی رکن تھیں وہ معروف وکیل امتیاز حسین باقری حنفی کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے اردو لٹریچر میں بلوچستان یونیورسٹی سے ماسٹر اور 1980 میں یونیورسٹی آف لا کالج سے وکالت کی ڈگری حاصل کی ۔بلوچستان میں مختصر عرصے میں خواتین کو کئی اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا ، بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کی اسپیکر کا عہدہ نواز لیگ نے راحیلہ درانی کو دیا ۔ جبکہ سول سیکرٹریٹ میں بعض خواتین نے سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری کے عہدوں پر کام کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے بھی خواتین کام کر رہی ہیں۔