شمالی کوریا نے میزائل کی تجربہ گاہ کو ناکارہ بنانا شروع کردیا

پیانگ یانگ (مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی کوریا نے امریکی صدر سے ملاقات میں کیے گئے اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے میزائل تجربات کی ایک سائٹ کے انہدام کا کام شروع کر دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے اپنے جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے اور میزائل پروجیکٹس کے خاتمے کے وعدوں کو ایفا کرتے ہوئے اپنے میزائل کی تجربہ گاہ کو ناکارہ بنانا شروع کردیا ہے۔ شمالی کوریا سوہائی سٹیلائیٹ لانچنگ اسٹیشن پر میزائل کے تجربات کیا کرتا تھا تاہم اب اس سائیٹ کے انہدام کا کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان تاریخی ملاقات میں طے پانے والے نکات پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے والے امریکی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ چند تازہ سیٹلائٹ تصاویر موصول ہوئی ہیں جس میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کے لیے استعمال ہونے والی اہم تنصیب کو رفتہ رفتہ ناکارہ بنایا جا رہا ہے جو کہ خوش آئند امر ہے۔امریکی گروپ کا کہنا ہے کہ تصاویر میں سوہائی سٹیلائیٹ اسٹیشن کے راکٹ لانچنگ پیڈ کو منہدم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد شمالی کوریا کو بیلاسٹک میزائل کی تیاری اور تجربات کو سہولت فراہم کرنے والا بڑا ذریعہ ختم ہوجائے گا اور یوں دھیرے دھیرے شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے کا وعدہ ایفا کرتا رہے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کے درمیان گزشتہ ماہ ہونے والی تاریخی ملاقات میں شمالی کوریا نے اپنے کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم امریکا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے عمل کی سست روی سے شدید ناراض تھا۔

Comments (0)
Add Comment