متحدہ دہشت گرد (ن) لیگ مسیحیکارکنوں کو دھمکانے لگے

کراچی (نمائندہ خصوصی) متحدہ کے دہشت گردوں کی جانب سے کورنگی کے علاقے کرسچن ٹاوٴن نئی آبادی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز اور کارکنوں کے گھروں میں رات کی تاریکی میں پمفلٹ ڈالے گئے ہیں، جس میں تمام ورکرز اور کارکنان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ تمہاری وجہ سے کرسچن ٹاوٴن نئی آبادی میں متحدہ قومی موومنٹ کا ووٹ تقسیم ہوا ہے۔ ایم کیو ایم کے شرپسند عناصر کی جانب سے بطور خاص ن لیگ کے سرگرم کارکن امتیاز کو نام لیکر دھمکایا گیا ہے کہ تم کرسچن ٹاوٴن نئی آبادی میں مسلم لیگ (ن) کو لے کر آئے ہو اور تمہاری وجہ سے متحدہ کا ووٹ بینک خراب ہوا ہے۔ جس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ الیکشن گزر جانے دو پھر دیکھ لیں گے۔ پمفلٹ کے شروع میں باور کروایا گیا ہے کہ خبردار جو کسی کو بتانے کی کوشش کی۔ آخر میں (جئے متحدہ) لکھا ہے اور پتنگ کا انتخابی نشان بھی بنا ہوا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ذمہ داران کی جانب سے اس پمفلٹ کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے اور رینجرز، تھانہ زمان ٹاوٴن میں تحریری درخواست جمع کرو ادی گئی ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کرسچن ٹاوٴن نئی آبادی متحدہ کا گڑھ سمجھا جاتا تھا، جہاں دہشت گردوں کی جانب سے مسیحی خاندانوں کو ڈرا دھمکا کر ووٹ ڈلوائے جاتے تھے، اس بار مسلم لیگ (ن) کے سرگرم کارکن امتیاز کی جانب سے کورنگی کرسچن ٹاوٴن نئی آبادی میں اپنی جماعت کے لئے بہت کام کیا اور یہ بات متحدہ کے دہشت گردوں کو ہضم نہیں ہوئی۔ شاید یہی وجہ ہے کہ رات کی تاریکی میں ن لیگی کارکنوں کے گھروں میں پمفلٹ ڈال کر ڈرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے متحدہ کے ذمہ داران کو یہ بات باور کرو ادی گئی ہے کہ وہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ اس ضمن میں بات کرنے پر مسلم لیگ (ن) کورنگی کے ذمہ دار نوید شبیر نے بتایا کہ امتیاز ہمارا سرگرم کارکن ہے، جس نے کرسچن ٹاوٴن میں بھرپور مہم چلائی ہے، جس کی وجہ سے متحدہ قومی موومنٹ خوف زدہ ہے۔ لیکن ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں، جمہوریت سے آزاد طریقے سے الیکشن کمپین چلانا ہر کسی کا حق ہے۔ نوید شبیر کا کہنا تھا کہ امتیاز سبزی فروش غریب انسان ہے، ہم نے ڈی جی رینجرز اور تھانہ زمان ٹاوٴن میں تحریری اطلاع کر دی ہے کسی بھی ناخوشگوار واقع کی ذمہ دار متحدہ قومی موومنٹ ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment