وزیراعظم کاسرمایہ کاری فروغ کیلئے وفاقی صوبائی تعاون پرزور

اسلام آ باد( نمائندہ امت) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ملک میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں، غیر ملکی مشنز اور متعلقہ حلقوں میں تعاون پر زور دیا ہے۔ جبکہ جزیرہ نما کوریا میں مثبت پیش ہائے رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کوریائی کمپنیوں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔منگل کو وزیراعظم آفس میں سرمایہ کاری بورڈ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، سیکرٹری خزانہ عارف احمد خان، چیئرپرسن ایف بی آر رخسانہ یاسمین، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ محمد جہانزیب خان، وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ محمد جہانزیب خان نے وزیراعظم کو ملک میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری برادری کو سہولت دینے، قانون سازی میں بہتری، سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ریگولیٹری اور پالیسی فریم ورک، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور نمایاں ادارے کی حیثیت سے سی پیک منصوبہ جات کے تحت صنعتی تعاون کو تقویت دینے میں ادارے کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، وزارتوں، غیر ملکی مشنز اور دیگر متعلقہ حلقوں کے مابین تعاون کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت ہو اور ملک میں سرمایہ ہائے کاری کی تیز تر نمو میں رکاوٹیں دور ہوں۔ جمہوریہ کوریا کے سفیر کواک سیونگ کیو سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ خوشگوار تعلقات تمام شعبوں میں پھلتے پھولتے رہیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور ترقیاتی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کوریائی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔انہوں نے جزیرہ نما کوریا میں مثبت پیش ہائے رفت کا خیرمقدم کیا۔ کوریائی سفیر نے وزیراعظم کو پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں کوریائی کمپنیوں کے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو سراہا اور اسے پاکستان میں کوریائی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں اضافہ سے باہم منسلک کیا۔ انہوں نے معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment