ایتھنز(مانیٹرنگ ڈیسک) یونان کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی سے60 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے نواحی علاقے میں واقع جنگلات میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 50 کلو میٹر تک کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پھیلتے پھیلتے جنگل سے باہر رہائشی علاقے تک پہنچ گئی، اس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متعدد لوگوں کو جان بچانے کا موقع ہی نہ مل سکا اور وہ اپنے گھروں میں ہی زندہ جل گئے جب کہ بہت سی ہلاکتیں دم گھٹنے سے بھی ہوئیں۔اب تک آتشزدگی سے 60افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے، ماتی کے قصبے میں متعدد مکانات مکمل طور پر جل کرخاکستر ہو چکے ہیں۔ شہر کے اسپتال لاشوں اور زخمیوں سے بھر گئے ہیں اور قیامت کا سماں ہے۔ صرف ایک علاقے رافینا سے 26 لاشیں ملی ہیں۔ ہر آنکھ اشکبار ہے اور لوگ آگ میں لاپتہ ہونے والے اپنے پیاروں کی تلاش میں رو رہے ہیں۔ 100 سے زائد گھر اور عمارتیں جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو چکے ہیں۔متاثرہ علاقوں سے 700 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا ہے۔ سیکڑوں فائر ٹینڈرز کے علاوہ طیارے اور ہیلی کاپٹرز بھی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ حکومت کے مطابق اب زیادہ تر علاقے میں آگ پر قابو پایا جا چکا ہے۔