کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑنے والے محمد میاں سومرو اور جی ڈی اے کے امیدوار علی گوہر مہر کے حامی عام انتخابات کے بعد اہم ذمہ داریاں ملنے کیلئے پر اعتماد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی چھوڑ کر ضلع گھوٹکی میں جی ڈی اے کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے حلقے سے انتخابات میں حصہ لینے والے علی گوہر مہر کے متعلق ان کے حامیوں اس بات پر یقین کئے ہوئے ہیں کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد سندھ میں جی ڈی اے اگر دیگر جماعتوں سے ملکر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئی تو سندھ کی وزارت اعلیٰ کیلئے علی گوہر مہر مضبوط امیدوار ہوں گے۔ علی گوہر مہر کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگر ایسی صورتحال بنی تو علی گوہر مہر جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا کو بھی قائل کرنے میں کامیاب رہیں گے اور مقتدر حلقے بھی انہیں پسند کرتے ہیں۔ علی گوہر مہر3 صوبائی حلقوں سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ضلع جیکب آباد سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے والے سابق چیئرمین سینیٹ محمدمیاں سومرو کے متعلق پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد میاں سومرو کے کامیابی کے ساتھ اگر پی ٹی آئی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئی تو وہ اسپیکر قومی اسمبلی بن سکتے ہیں۔اس ضمن میں دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کے بعددو تین بڑی جماعتوں نے مل کر مخلوط حکومت بنائی تو صادق سنجرانی فارمولے کے تحت محمد میاں سومرو وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں۔