اسلام آباد(امت نیوز) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ایونٹ 15 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس کو 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ بدھ کو رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ایونٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان ، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔