رحیم یارخان؍ سرگودھا( مانیٹرنگ ڈیسک؍خبرایجنسیاں) عام انتخابات کے دوران دوسری بار ووٹ ڈالنے کی کوشش میں خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کو این اے179 رحیم یار خان کے پولنگ اسٹیشنز نمبر 23، 24، 189و190 میں حکام کی جانب سے پی ٹی آئی پرچی کے بغیر ووٹرزکو پولنگ اسٹیشن میں نہ جانے دینے کی شکایت بھی کی گئی ۔اطلاعات کے مطابق ایک پولنگ ایجنٹ نے الیکشن کمیشن کو بذریعہ ای میل شکایت کی گئی تھی ۔رحیم یار خان میں ہی پولیس نے تارا جی نامی نواز لیگی کارکن و اقلیتی کونسلر دھاندلی کی کوشش میں گرفتار کر لیا ہے ۔ملزم دوسری بار ووٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا کہ پولنگ عملے کی نظروں میں آگیا۔این اے 89سرگودھا کے پولنگ اسٹیشن کے علاقہ رام دیانہ کے رہائشی نوجوان مزمل عباس ولد ناصر کو دوبارہ ووٹ کاسٹ کرنے پر گرفتار کر کےتھانہ مڈھ رانجھا حوالات میں بند کر دیا۔نواحی چک25 جنوبی کے زنانہ پولنگ اسٹیشن پرشمیم بی بی نامی خاتون کو جعلی ووٹ ڈالنے پر پولیس کے حوالے کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق خاتون کی گرفتاری پی پی77 کے چک46شمالی کے پولنگ اسٹیشن پر عملے اور پولنگ ایجنٹ کی ووٹر لسٹ میں فرق کی وجہ سے ہوئی۔
٭٭٭٭٭
کراچی/حیدرآباد(رپورٹنگ ٹیم)کراچی اور حیدر آباد سمیت مختلف شہروں میں دھاندلی کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ مختلف مقامات پر جعلی ووٹ بھگتائے جانے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے بعض کو رہا کر دیا گیا۔کراچی کے حلقہ این اے 239 کورنگی میں جعلی فارم45 برآمد ہونے پرخاتون سمیت7 پولنگ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا۔ محمودآباد گرلزڈگری کالج میں جعلی ووٹ کاسٹ ہونے کے بعدشہری کی نشاندہی پر پریزائیڈنگ افسرنے ٹینڈر ووٹ کے بجائے اس ہی کے آگے انگوٹھا لگوا کر بیلٹ بکس میں ووٹ ڈلوایا۔ یہاں3 جعلی ووٹ بھگتانے کی اطلاعات ملیں۔این اے 247 سے آزاد امید وارعبدلحبیب نے شکایت کی کہ انکے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنوں میں بیٹھنے نہیں دیا جا رہا۔ایس اے پبلک اسکول سیکٹرسیون ڈی سرجانی ٹائون نیو کراچی میں خواتین کے بوتھ میں بوگس ووٹنگ کی اطلاعات ملیں۔این اے243 میں ماسٹر جی کوچنگ سینٹر میں بلاک ٹو گلشن اقبال میں رانا اظہر کا جعلی ووٹ کاسٹ ہوا تھا تاہم اس کا ٹیندر ووٹ ڈلوا دیا گیا۔این اے236 سر سید کالج کے خواتین بوتھ میں 2 جعلی ووٹ دیکھنے پر ن لیگ کی ایجنٹ نے احتجاج کیا ۔ گلشن معمار سیکٹر 8 میں سیاسی جماعتوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے پولنگ ایجنٹ تبدیل نہیں کرنے دیااور جو باہر گیا اسے واپس نہیں آنے دیا جبکہ پی ٹی آئی کو کھلی چھوٹ تھی۔دوسری جانب پی ایس51ضلع عمر کوٹ میں ایک شخص نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد اسسٹنٹ پولنگ افسر کی مدد سے جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کی کوشش کی۔ دونوں کو گرفتار کر کے ایک ووٹ کینسل کر دیا گیا۔.پی ایس 124تعلقہ کھپرو میں دو افراد 4 جعلی بیلٹ پیپرز کے سا تھ پکڑے گئے۔پی ایس43 سانگھڑ میں پولنگ اسٹیشن نمبر55 سے فوجی اہلکار نے تین پولنگ ایجنٹس کے قبضے سے3 مہریں بر آمد کر کے ا نہیں پولیس کے حوالے کردیا۔ ضلع حیدر آبادمیں ٹنڈو جام کے علاقے میں این اے225 کے پولنگ اسٹیشن 109کے باہر سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے جعلی مہریں برآمد کر لی گئیں۔
٭٭٭٭٭