شمالی اضلاع میں خواتین کی پہلی بار ووٹنگ – قبایٰلی علاقوں میں بھی لمبی قطاریں

پشاور/ڈیرہ اسماعیل خان(سٹاف رپورٹر/نمائندہ امت)خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع چترال کے اپر علاقوں ،ضلع دیر بالا کی تحصیل شرینگل،تحصیل کلکوٹ،عشیری درہ،ضلع دیر لوئر کے بن شاہی ،منڈا ثمرباغ،ضلع سوات کے کالام،اتروڑ،اوشو،توروال،ضلع شانگلہ کے پورن،بیلہ،بونیر اور مہمند کے دور افتادہ علاقوں میں پہلی بار خواتین نے سترسال بعد ووٹ کاسٹ کیا اور پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین گھروں سے نکل آئیں ۔ جبکہ قبائلی علاقوں میں بھی ووٹرز کی لمبی قطاریں لگی رہیں، الیکشن کمیشن کے ناکافی انتظامات دور دراز علاقوں میں خواتین اساتذہ کی جانب سے ڈیوٹیاں منسوخ کرانے اور عملے کی کمی کی وجہ سے خواتین کو اپنے پہلے ووٹ میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم اس کے باوجود پردے میں پولنگ نے سب لوگوں کو حیران کر دیا۔ جماعت اسلامی اور ایم ایم اے کے رہنماؤں اور کارکنوں نے خواتین کی ووٹنگ میں اہم کردار ادا کیا تاہم اس کے ساتھ پی ٹی آئی اور ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک نے بھی خواتین کو پولنگ اسٹیشنوں تک لانے میں کوششیں کیں۔ عملے کی ناتجربہ کاری اور الیکشن کمیشن کے ناقص انتظامات کی وجہ سے خواتین ووٹرز کو بہت مشکلات کا سامنا رہا۔ ماضی میں انتخابات میں الیکشن کمیشن کم عملے کی تعیناتی کرتا کیونکہ ان علاقوں میں خواتین ووٹ پول کرنے کیلئے نہیں آتی تھیں ۔الیکشن کمیشن نے ماضی کی طرح کم تعداد میں عملہ تعینات کیا تاہم اس کے برعکس اس بار خواتین زیادہ تعداد میں پولنگ سٹیشنوں پر ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے نکلی تھیں ۔دوردراز علاقے ہونے کی وجہ سے فوری طور پر انتظامات بھی ممکن نہ ہو سکے ۔دوسری طرف تھانہ درابن کی حدود میں علاقہ کہاوڑ کے ایک پولنگ اسٹیشن پرمقامی معاہدے کے بعدخواتین کے ووٹ پول نہ کرنے کے فیصلے کے بعدضلعی انتظامیہ کے نوٹس میں آنے کے بعدضلعی انتظامیہ اورپولیس کی مداخلت پر دوبارہ خواتین کومذکورہ پولنگ اسٹیشن پرووٹ پول کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جس کے بعد خواتین نے دوبارہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔دریں اثنا فاٹا کے خیبر پختون میں انضمام کے بعد قومی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ سٹیشنز بھی بھی ووٹرز کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں اور عوام کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ادھر مہمند کی خواتین نے بھی اپنا رائے دہی کا حق استعمال کیا۔سوشل میڈیا پر افتخار فرودس کی جانب سے شیئر تصویر میں خواتین پولنگ بوتھ کی طرف جاتی دیکھی جاسکتی ہیں۔اس حوالے سے انہوں نے لکھا کہ پاک افغان سرحد سے محض 5کلو میڑ دور مہمند ضلع کے سب ڈویژن بزائی کی خواتین گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کیا۔

Comments (0)
Add Comment