کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) اورنگی ٹاؤن مجاہد آباد کے پولنگ اسٹیشن کے باہر کچرے کے ڈھیر اور سیوریج پانی جمع ہونے سے ووٹروں اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس اورسیکورٹی اہلکاروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق این اے 250اورنگی ٹاؤن مجاہد آباد میں کے پاکستان سیکنڈری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر کچرے کے ڈھیر اور سیوریج پانی سے انتخابی عملے اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس و سیکورٹی اہلکاروں کو رات بھر اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔ پولیس اہلکاروں نے امت کو بتایا کہ پولنگ اسٹیشن کے باہر گندگی اور سیوریج پانی کے تعفن سے رات بھر اذیت میں رہے ، ریٹرننگ افسر کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کر کے نکاسی کرائی ور کچرے کے ڈھیر اٹھوائے جبکہ این اے 251 کے علاقوں محمد نگر یوسی 4 اورنگی میں بابائے اردو مولوی عبدالحق کے ایم سی اسکول کے پولنگ اسٹیشن کے اطراف بھی گندگی کے ڈھیر لگے ہونے سے ووٹروں کوکوفت اٹھاناپڑی ۔