کراچی؍ عمرکوٹ؍ گوجرانوالہ (اسٹاف رپورٹر؍نمائندگان امت) عام انتخابات کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ افسر اور2سیکورٹی اہلکاروں سمیت6 افراد دل کے دورے کی وجہ جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی سیکٹر الیون ڈی میں واقع ستارہ حیدری گورنمنٹ اسکول میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور 53سالہ ہیڈ کانسٹیبل غلام بشیر ولد محمد صدیق دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔عمرکوٹ میں پولنگ اسٹیشن مرید خاصخیلی پر ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد 70 سالہ مول چند کولہی حرکت قلب بند ہونے سے دم توڑ گیا ۔لیہ میں بنائے گئے ایک پولنگ اسٹیشن پر تعینات افسرطاہر رضا دل کا دورہ پڑنے سےجاں بحق ہو گیا ۔ طاہررضا کی وفات کی وجہ سے پولنگ ایک گھنٹہ تک رکی رہی ۔رحیم یار خان کے نواحی علاقے ظاہر پیر میں دل کا دورہ پڑنے سےارشد نامی ووٹر جاں بحق ہو گیا۔گوجر خان میں پولنگ ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی اہلکار حوالدار شبیر بھی دل کی وجہ سےجاں بحق ہو گیا ۔دوران ڈیوٹی ہارٹ اٹیک کی وجہ سےایبٹ آباد کے رہائشی حوالدار شبیر کا سردیوار سےٹکرا گیا تھا۔ کبیروالہ میں منظور حسین نامی ووٹر حق رائے دہی کے استعمال سے قبل ہی دل کا دورہ پڑنے سےانتقال کر گیا ۔