دولہے- دلہن-معمر- معذور-نابینا افراد بھی ووٹ ڈالنے پہنچے

کراچی(رپورٹنگ ٹیم)شہریوں نے انتخابات میں زبردست جوش وخروش دکھایا، کہیں دولہا پولنگ ا سٹیشن چلا گیا،تو کہیں دلہن رخصتی سے پہلے حق رائے دہی استعمال کرنے پہنچ گئی۔معمر۔معذور اور نابینا بھی ووٹ ڈالنے پہنچے۔شہر قائد کے حلقہ این اے 253میں ایک نوجوان رسم نکاح سے پہلے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن آیا۔این اے 245میں معذور شخص اپنا ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھ پہنچا، اُسے اہل خانہ گود میں اٹھا کر لائے اور پھر شہری نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ڈیفنس میں 100سالہ خاتون نے ووٹ کاسٹ کیا۔ ڈینگی مرض میں مبتلا شہری نے بھی ووٹ ڈالنے کیلئے اسپتال سے کچھ دیر چھٹی لی۔ فیصل آباد اور ملتان میں بھی دلہا ووٹ ڈالنے پہنچے ۔پی پی 216کے پولنگ اسٹیشن پر موجود بہادر علی نے بتایا کہ اس کی بارات2بجے مظفر گڑھ جانی ہے۔سب نے مجھے ووٹ ڈالنے سے منع کیا لیکن میں نے کہا کہ میں ووٹ ڈالے بغیر نہیں جاؤں گا۔ دلہن والوں کو بتادیا کہ بارات دیر سے آئے گی۔شیخوپورہ میں بھی دلہن رخصتی سے قبل ملک کے مستقبل کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچیں۔ پسند کی جماعت اور امیدوار کو ووٹ دینے کی خواہش جھنگ میں 3سگے نابینا بھائیوں کو بھی پولنگ ا سٹیشن تک کھینچ لائی۔پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں پہلوان بھی ووٹ ڈالنے پہنچے۔وفاقی دارالحکومت کے تینوں حلقوں این اے 52،53،54میں خواتین ووٹروں کی جانب سے بھر پور جوش وخروش دیکھا گیا، گورنمنٹ گرلز ہائی ا سکول گولڑہ کے پولنگ اسٹیشن معمر خاتون مبارک جان اپنی نواسی کے ہمراہ پہنچی۔پشاورکا ضعیف العمر ووٹر زخمی ہونے کے باوجود ووٹ ڈالنے کے لئے پہنچ گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص راستے میں ٹریفک حادثے کا شکار ہوا تھا لیکن وہ طبی امداد لیکر فوراً پولنگ اسٹیشن پہنچا اور ووٹ کاسٹ کیا۔

Comments (0)
Add Comment