رحیم یار خان/راولپنڈی (این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک ) پولنگ کے موقع پر شہری پاک فوج کے ساتھ اظہارِ محبت کے طور پر جوانوں پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے تفصیلات کے مطابق ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوانوں سے محبت کے طور پر اپنے ہاتھوں میں پھولوں کے گلدستے لائے اور پاک فوج کے جوانوں پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے پاک فوج کے جوانوں کو محبت دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں قوم کی جانب سے جوانوں کو پھول پیش کرنے اور محبت دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ آج دنیا نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے عوام کی محبت دیکھ لی اور عوام نے بدنیتی پر مبنی ہر قسم کاپراپیگنڈا مسترد کردیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت کی وجہ سے مضبوط ہے اور ہماری زندگیاں پاکستان اور اس کے عوام کے لیے وقف ہیں۔یاد رہے کہ ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں عوام کی جانب سے پاک فوج کے جوانوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو پھول پیش کیے گئے جب کہ متعدد مقامات پر ان پر گل پاشی کی گئی۔