جان شیر خان اسکواش کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ناخوش

لاہور(امت نیوز) سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے بھارت میں منعقدہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی پر بہت مایوسی ہوئی، ٹیم کی سلیکشن اور ٹریننگ صحیح نہیں تھی۔جان شیر خان نے کہا کہ ورلڈ جونیئر جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی سلیکشن میں کوتاہیاں سرزد ہوئی ہیں اور ایسے نااہل کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیاگیا ہے جو بھارت میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بنے جو کہ نہایت افسوس کا مقام ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ جونیئر ٹیم میں منتخب کیے گئے پلیئرز نااہل تھے اور ان کی صحیح ٹریننگ بھی نہیں کی گئی، کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کو اتنے بڑے ٹورنامنٹ کیلئے تیار کرنے میں ناکام رہے۔پاکستان اسکواش فیڈریشن کو اس سلسلے میں سخت اقدامات اْٹھاتے ہوئے مکمل تحقیقات کرنی چاہئیں، اور ملک کی بدنامی کا سبب والے عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

Comments (0)
Add Comment