لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنی ہار کو ’شکستِ فاتحانہ‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے این اے 131 کا الیکشن 50 کروڑ میں خریداہے۔ اندھا دھند پیسہ لُٹایا گیا اور ووٹ کی خرید و فروخت کی گئی۔ایک بیان میں سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل 4 برس سے میڈیا ٹرائل، سازشوں، کھینچا تانی، عدالتی کارروائیوں اور دباؤ کا سامنا کر رہے تھے۔ میرا سابقہ حلقہ 3 حصوں میں تقسیم کرکے این اے 131 لاڈلے کے لیے تیار کیا گیا جبکہ پولنگ کے 22 گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔ 40 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ایجنٹس کو نتائج دینے میں غیر معمولی تاخیر اور انکار کیا گیا جب کہ فوت شدہ لوگوں کے ووٹ بھی ڈالے گئے۔ایک اور ٹوئٹ میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہر گندا کام کرکے آپ صرف 680 ووٹوں کی اکثریت حاصل کر پائے، اگر رتی برابر شرم ہو تو چُلو بھر پانی میں ڈوب مرو۔دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنمانے کہا کہ عمران خان بند گلی میں پھنس گئے ہیں، جہاں سے واپسی کا راستہ نہیں۔ دعا ہے کہ ریلوے کی وزارت شیخ رشید جیسے انسان کے ہاتھ نہ آئے۔انہوں نے پہلے بھی ٹرینوں کا میک اپ کرکے ایک ٹرین کو مختلف ناموں سے چلایا، کوئی مانے یا نہ مانے لیکن دنیا مانتی ہے کہ میں نے ریلوے کو سنجیدگی سے چلایا۔