راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کی اور انتخابات کے نتائج اور آئندہ کی حکمت عملی پر پر تبادلہ خیال۔اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ الیکشن چوری کر لیے گئے ہیں ہم ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم ہیں،تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کی طبیعت دریافت کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے انتخابی نتائج سے متعلق غور کیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب نواز شریف سے سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم اور طارق فاطمی کی ملاقات نہ ہوسکی، طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ جیل حکام کے مطابق نواز شریف کی طبیعت ناساز ہے، اس لئے نواز شریف سے صرف اہل خانہ مل سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے جیل میں حنیف عباسی نے بھی ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق حنیف عباسی نے اپنی سزا سے متعلق واقعات سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔شہبازشریف سے ملاقات کے بعد الیکشن نتائج کے حوالے سے اپنے ردعمل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے الزام عائد کیا کہ الیکشن چوری کر لیے گئے ہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان تو 2013 کی پوزیشن پر بھی نہیں تھے لیکن خیبر پختون میں بد ترین کارکردگی کے باوجود جتا دیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے نتائج کی بنیاد پر ہی ملک بھر کے نتائج پر اثر ڈالا گیا۔قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ الیکشن چوری کر لیے گئے ہیں اور اس حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کے بیانیے پر قائم ہیں اور سول بالادستی کے لیے کھڑے رہیں گے۔عابد شیر علی، شاہد خاقان عباسی اور فیصل آباد کے حلقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ حلقوں سے تو ن لیگ کسی صورت ہار ہی نہیں سکتی تھی۔