مقبوضہ بیت المقدس (امت نیوز) قابض اسرائیلی فورسز نے جنگ بندی توڑتے ہوئے غزہ کی پٹی پر ٹینکوں سے چڑھائی کردی اور وحشیانہ شیلنگ کر کے 3فلسطینیوں کو شہید کر دیا، متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ ٹینک حملے سے قبل اسرائیلی توپ خانے نے بمباری کی تھی۔ حماس نے اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے نے فلسطینی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے بیت اللحیہ کے مختلف علاقوں میں ٹینکوں اور توپ خانے کی مدد سےحملے کئے اور وحشیانہ شیلنگ کی ، جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی نوجوان شہید ہوئے ۔ یہ کشیدگی 5روز قبل حماس اور اسرائیل کے درمیان خونریز جھڑپ کے بعد مصر اور اقوام متحدہ کی طرف سے کرائی گئی جنگ بندی کے بعد سامنے آئی ہے۔ قبل ازیں غزہ کی مشرقی سرحد پر فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی افسر زخمی ہو گیا تھا، جس کی اسپتال میں حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ صہیونی شیلنگ کے بعد غزہ کے مقبوضہ حصے میں قائم یہودی کالونیوں میں خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں کا دفاع کا حق رکھتے ہیں۔ تا حال کسی گروپ نے اسرائیلی فورسز پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔