لیپہ ؍ مظفر آباد ( ایجنسیاں)متاثرین سیلاب و آسمانی بجلی کی بحالی و آبادکاری کے لیے کاروائیاں جاری ہیں،پاک فوج ،ضلعی انتظامیہ، تحصیل انتظامیہ ،پولیس اور مقامی رضا کارامدادی کارروائیوں میں پیش پیش ہیں ، سیلاب سے نوکوٹ گاوٴں کے قریب بننے والی جھیل کسی بھی وقت ٹوٹنے کا خدشہ ہے،متاثرین کے لیے خیمے،خوراک،ادویات،پینے کا صاف پانی و دیگر اشیاکی ترسیل جاری ہے،متاثرین کی بحالی کے لیے آزاد کشمیر بھر کے عوام سے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وادی لیپہ میں شمس بری پہاڑ پر آسمانی بجلی گرنے سے سیلاب آگیا جس سے نوکوٹ گاوٴں اور ملحقہ علاقوں میں تباہی پھیل گئی درجنوں مکانات و دکانیں مکمل تباہ ہوگئیں اور متعدد مکانات کاجزوی نقصان ہوا جبکہ پھلدار درخت اور فصلیں بھی سیلابی ریلا میں بہہ گئیں،متاثرین رات کھلے آسمان تلے گزارنے پرمجبورہیں۔ پاک فوج نے فوری امدادی کاروائیاں شروع کرتے ہو ئے متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچایا اور انھیں خوراک ودیگر سامان مہیا کیا،ضلعی اور تحصیل انتظامیہ سمیت پولیس بھی متاثرین کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا راجہ عمران شاھین ،ایس پی راجہ اظہر اقبال،اے سی لیپہ احمد سبحانی،تحصلیدار لیپہ یاسر علی بخاری ،ایس ایچ او لیپیہ واجد علوی اور پاک فوج کے آفیسران و اہلکاران امدادی کارائیوں میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا راجہ عمران نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرین کی آباد کاری کے لیے فوری اقدامات کیے جارہے ہیں ابتدائی طور پر 200خیمے لگا کر متاثرین کو رہائش کی سہولت ،خوراک و دیگر سازوسامان فراہم کیا جارہا ہے دوسری جانب پاک فوج نے فوری میڈیکل کیمپ لگاکر متاثرین کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کردی ہے اور گزشتہ رات متاثرین کو کھانا اور دیگر ضرورت کا سامان بھی پاک فوج نے دیا متاثرین اور عوام علاقہ نے پاک فوج کے اقدامات کو سہراتے ہوئے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ۔ادھر گڑھی دوپٹہ میں مون سون بارشوں نے تباہی پھیلادی ،لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں،عوام کو شدید مشکلات کا سامناہے،سڑکوں پر آنے والا ملبہ ایک ہفتے گزرنے کے باوجود نہ اٹھایا جاسکا۔تفصیلات کے مطابق گڑھی دوپٹہ سے ہڑیالہ گجراں ،سیری سلطان پور جانی والی اور ٹھیرہ شریف سے ستپیالی پکڑساڑ جانے والی تین لنک سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک ہفتہ سے بند ہیں۔ عوام محصور ہو کررہ گئے ہیں ۔محکمہ تعمیرات عامہ شارات ودیگر محکموں کی غفلت و بے حسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔