کراچی (اسٹاف رپورٹر ) شیر شاہ اور ایف بی صنعتی ایریا میں تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شیر شاہ پراچہ پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار 33 سالہ کاشف ولد علی اصغر شدید زخمی ہو گیا، جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ سائٹ بی پولیس نے زخمی کو فوری اسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ بیٹھا۔ پولیس کے مطابق متوفی بلدیہ کا رہائشی اور اسکی پوسٹنگ سی پی او آفس میں تھی۔ اسی طرح فضل مل کے قریب گاڑی کی ٹکر سے نامعلوم شخص جاں بحق ہو گیا۔ ایف بی صنعتی ایریا پولیس نے لاش شناخت کیلئے سرد خانے منتقل کر دی ہے۔