بٹگرام(مانیٹرنگ ڈیسک)بٹگرام کی یونین کونسل بٹخول کے علاقے کرین خوار میں پاک فوج کے جوانوں کو انتخابی ڈیوٹی کے بعد پولنگ اسٹیشن سے واپس لانے والی جیپ گہری کھائی میں جا گری جس کے باعث 5 فوجی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ بنہ پولیس کے مطابق تباہ ہونے والی گاڑی میں سوار آرمی جوان انتخابات کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کے بعد واپس بٹگرام آرہے تھے کہ راستے میں جیپ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور گہری کھائی میں جا گری۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوجی اہلکار، مقامی افراد اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچے اور لاشوں اور زخمی کو نکال کر بٹ گرام میں واقع ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔گاڑی میں سوار فوجی جوانوں کی شناخت حوالدار حمید، نائیک لقمان، جمشید، رمیز اور مدثر کے نام سے ہوئی ہے۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے ذریعے جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-12میں پریزائیڈنگ افسر کو انتخابی مواد کی ترسیل کے بعد واپس آرہی تھی اور 250سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔انھوں نے کہا کہ قوم کے مزید پانچ جوانوں نے قومی خدمات کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا ہے،انھوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران دی گئی قربانی سے مقدس کوئی قربانی نہیں ہوسکتی۔