اسلام آباد(این این آئی)سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ 10 فیصد سے کم ٹرن آوٴٹ والے حلقوں کا نتیجہ کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ ساہیوال اور مردان سمیت کچھ علاقوں میں سے خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، الیکشن کمیشن ان شکایات کا جائزہ لے گا اور جن حلقوں میں دس فیصد سے کم خواتین کا ووٹ کاسٹ ہوا ان حلقوں کے انتخابات کالعدم قرار دیے جاسکتے ہیں ۔بابر یعقوب نے کہا کہ پولنگ کے روز سے 14دن کے اندر کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائیگا۔ کامیاب امیدواروں کو 10روز کے اندر انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانی ہوں گی اور اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے والوں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق 2013کے مقابلے میں بلوچستان میں فرق آیا ہے، گزشتہ انتخابات میں بلوچستان میں تقریباً ہر امیدوار پر حملہ ہوا تاہم اس بار ایسا نہیں ہے۔