ہالا/بھٹ شاہ (نامہ نگاران) مٹیاری میں الیکشن عملے کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے سے 2 پریزائیڈنگ افسران جاں بحق اور عملے کے 3 ارکان زخمی ہو گئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں نیوسعید آباد سے الیکشن ڈیوٹی کرکے واپس کھیبر جانے والے الیکشن عملے کی کار کھنڈو کے مقام پر پولیس چوکی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ جس کے باعث وزیر محمد بخش جمالی اور نذیر احمد جمالی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ عملے کے دیگر 3 ارکان سکندر، ساجن اور عبدالواحد زخمی ہوگئے۔ جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے رورل ہیلتھ سینٹر بھٹ شاہ لایا گیا جہاں سے انہیں حیدر آباد منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سعید آباد کے نواحی گاؤں بکھر جمالی سے ہے۔ میتیں ان کے آبائی گاؤں بکھر جمالی منتقل کی گئیں جہاں ورثا میں کہرام مچ گیا۔