عمران کو مینڈیٹ چرانے والے کے طور پر یاد رکھا جائے گا-ریحام

نئی دلی(امت نیوز)عمران خان کی سابق بیوی ریحام خان کا کہنا ہے کہ عمران کا اقتدار ملک پر بھاری پڑنے والا ہے ۔عمران کو ایسے شخص کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس نے مینڈیٹ چرایا ۔انہیں کئی سمجھوتے پڑیں گے اور کارکردگی ابتدائی چند ہفتوں میں ہی سامنے آ جائے گی۔ بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ریحام خان کا کہنا ہے کہ انہیں انتخابی نتائج سے کوئی حیرانی نہیں ہوئی۔عمران کو کافی پہلے ہی وزیر اعظم پکارا جانے لگا تھا ۔اب تو رسمی تاج پوشی ہونی ہے لیکن یہ تاج اس کیلئے بڑا بوجھ بن جائے گا۔مجھے یہ توقع نہیں تھی کہ الیکشن اتنے گندے ہوں گے۔شکر ہے کہ میں ایسے شخص کے ساتھ نہیں ہوں جو اتنے سمجھوتے کرتا ہے کہ ہر بار مذاق بن جاتا ہے ۔عمران تو یہ تک نہیں جانتا کہ ووٹ کیسے ڈالنا ہے؟۔میڈیا کی براہ راست کوریج کے دوران بیلٹ پیپرز پر مہر لگانے کی وجہ سے عمران خان کا ووٹ منسوخ ہوا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق با ضابطہ اعلان اور حکومت سازی کیلئے نمبر پورے نہ ہونے کے باوجود عمران نے خود کو فاتح قرار دیدیا۔عمران خان کے خطاب پر پاکستان میں ملاجلا رد عمل سامنے آیا ۔عمران کو پہلی بیوی جمائما گولڈ اسمتھ نے مبارکباد دی ہے تو دوسری سابق بیوی ریحام نے عمران کی کامیابی کو ملک کی بری خبر قرار دیدیا ہے۔عمران کی موجودہ اہلیہ بشریٰ بی بی کا بیان پی ٹی آئی کے حامی میڈیا کے ذریعے سامنے آیا ہے جس میں بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ اللہ نے لوگوں کو ایسا رہنما دیدیا ہے جو ان کے حق کا خیال رکھتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment