اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے حکومت سنبھالتے ہی پنجاب، خیبر پختون،بلوچستان اور سندھ کے گورنر ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آْئی قیادت نے حکومت سنبھالتے ہی چاروں گورنروں کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب میں نواز لیگ کے حامی ملک رفیق رجوانہ، سندھ میں محمد زبیر ، خیبر پختون میں اقبال ظفر جھگڑا گورنر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جب کہ بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے بھائی ہیں۔دریں اثنا نئی حکومت نےچیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈنجم سیٹھی اور ہاکی فیڈریشن کےصدرخالدسجاد کھوکھر کو بھی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے کیونکہ ان کی تقرری نواز شریف نے سیاسی بنیاد پر کی تھی۔ ذرائع کے مطابق خالدسجاد کھوکھر کی تقرری بھی اہم لیگی شخصیت کے رشتہ دار ہونےکے باعث کی گئی تھی۔