کراچی بندرگاہ پر جہاز میں آتشزدگی سے درجنوں گاڑیاں خاکستر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز کارگو جہاز میں خوفناک آگ لگنے سے دبئی سے آنے والی درجنوں گاڑیاں جل گئیں، ذرائع کے مطابق جیکسن کے علاقے کیماڑی کراچی بندرگاہ کی برتھ نمبر ایک پر لنگر انداز کارگو جہاز میں جمعہ کی علی الصبح تقریبا 6بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے جہاز کے عرشے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،آگ کی اطلاع ملتے ہی کے پی ٹی فائر اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی، تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہو ئے پاک بحریہ سے مدد طلب کرلی گئی، جس کے بعد پاک بحریہ کے فائر ٹینڈر اور آگ بجھانے والی لانچ موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی،تاہم آگ لگنے سے جہاز پر موجود درجنوں گاڑیاں جل گئیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ جلنے والی گاڑیاں کراچی کے مختلف کار ڈیلرز نے دبئی سے منگوائی تھیں۔ کے پی ٹی ترجمان کے مطابق آگ لگنے کا واقع صبح 6بجے رونما ہوا، کاریں جلنے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ پر کارگو لانچ میں لگی آگ بجھانے میں پاک بحریہ نے معاونت کی،آگ کی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ نے اپنے ٹگز اور فائر ٹینڈرز جائے حادثہ کی طرف روانہ کئے،پاک بحریہ کے2 ٹگز اور 2فائر ٹنڈرز کراچی پورٹ کے عملے کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پانے میں مصروف رہے، آگ پر 3گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment