خود پنجاب سنبھالو-اپوزیشن لیڈر کسی اور کو بناؤ-نواز شریف کا شہباز کو مشورہ

راولپنڈی(خبر ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم نوازشریف نے شہبازشریف کو دوٹوک مشور ہ دیا ہے کہ خواجہ آصف یا احسن اقبال کوقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بناؤ اور خود پنجاب سنبھالو ۔بڑے بھائی سےشہبازشریف کی اڈیالہ جیل میں ملاقات 25منٹ تک جاری رہی، جس میں نوازشریف نے الیکشن صورتحال پر مختصرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو ہوناتھا، وہ ہوہی ہو گیا ، ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر قائم رہنا چاہیے ۔انہوں نے شہبازشریف کو مشورہ دیا کہ پنجاب پر توجہ دی جائے اور اگر حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو صوبے کو اپنے گرفت میں رکھیں اور وفاق میں اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر ذمہ داریاں خواجہ آصف یا احسن اقبال کے سپرد کی جائیں، وہ بہترین اپوزیشن کریں گے۔دوسری جانب شہبازشریف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں کسی اور کو دینےسے (ن)لیگ میں دراڑ پڑنے کا خدشہ ہے اور ممکن ہے کہ متعدد اراکین پارلیمنٹ اس کی مخالفت بھی کردیں۔اپوزیشن لیڈر کاتعین پیرکے پارٹی اجلاس میں کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ ن لیگ نے پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کردیا ہے، جہاں اسکے پاس سادہ اکثریت نہیں تاہم عددی اکثریت موجود ہے۔تاہم اگر اپوزیشن لیڈر کیلئے خواجہ آصف کو نامزدکیا جاتاہے تو2بڑے حریفوں کونہ چاہتے ہوئے بھی ایک دوسرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Comments (0)
Add Comment