کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکورٹی فورسز نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ کے ٹارگٹ کلر اور رئیس مما کے قریبی ساتھی سمیت 17 ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور مضر صحت گٹکا برآمد کرلیا۔ سی ٹی ڈی نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ کے ٹارگٹ کلر اور رئیس مما کے قریبی ساتھی آصف خان کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر آصف خان نے چکرا گوٹھ واقعہ میں متحدہ دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کیا تھا، جبکہ گرفتار ٹارگٹ کلر 2009میں سب انسپکٹر ساجد کے قتل سمیت دو کالعدم تنظیموں کے کارکنان کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ رینجرز نے شاہ فیصل کالونی اور گبول ٹاؤن کے علاقوں میں 9 ملزمان محمد ظاہر حسین خان عرف طاہر بندہ، محمد سمیع ، عرفان عرف عفی،وکیل الدین عرف بھیا،مستقیم عرف مولی،محمد کاشف،محمد کاشان، محمد مدثر عرف پدی اور ایان عرف فائز کو گرفتار کرلیا ، گرفتار ہونے والے ملزمان محمد طاہر حسین خان عرف طاہر بندہ اور محمد سمیع سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران لڑائی جھگڑے اور فساد پھیلانے میں ملوث ہیں جبکہ دیگر ملزمان اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،منشیات ودیگرسامان بھی برآمد ہوا۔ سپر مارکیٹ پولیس نے منشیات فروش جبران احمد کو گرفتار کر کے ایک کلو چرس اور 15شراب کی بوتلیں برآمد کرلیں۔ کورنگی پولیس نے منشیات فروش اکرم کو گرفتار کر کے ڈیڑھ کلو چرس برآمد کرلی۔کورنگی صنعتی ایریا پولیس نےمنشیات فروش محمد بچل کوگرفتارکرکےایک کلو چرس برآمد کرلی ۔ شاہ فیصل کالونی پولیس نے 3ملزمان غلام مجتبی ،فیصل اور شاہد کو گرفتار کر کے شراب کی 6بوتل برآمد کرلی۔