کراچی (اسٹاف رپورٹر)اینٹی کارلفٹنگ سیل نے مختلف علاقوں سے انتہائی مطلوب 7 رکنی کھوکھر گروپ کے 3 ملزم گرفتار کرلئے، جن میں 2 بھائی بھی شامل ہیں ، ملزمان سے 9 چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے انتہائی مطلوب کھوکھر گروپ کے کارندوں کی گرفتاری کیلئے نارتھ کراچی ، بھینس کالونی اور شاہ لطیف میں کارروائی کرکے2بھائیوں محمد علی عرف علی، محسن علی اور ان کے ساتھی ارسلان رشید کو گرفتار کرتے ہوئے ان سے 9موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں جو مختلف علاقوں میں سے چھینی یا چوری کی گئی تھی۔ ایس ایس پی سید اسد رضا نے بتایا کہ ملزمان کھوکھر گروپ کے دیگر کارندوں آصف چھوٹو، زبیر ، خالد اور جمشید سے ملکر 5سال سے موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے کی وارداتیں کر رہے ہیں۔ ملزمان گلشن، گلستان جوہر، مبینہ ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا میں وارداتیں کرتے تھے اور زیادہ تر صبح آفس جانے والے شہریوں سے موٹر سائیکلیں چھینتے تھے۔ ملزم محسن علی 2013میں منگھوپیر پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے با ر بار رہائش تبدیل کرتے تھے۔ پولیس ملزمان سے تفتیش کر رہی ہے ۔