اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت درخواست مسترد

اسلام آباد؍لاہور(کورٹ رپورٹر؍خبرایجنسیاں) اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت میں احتساب عدالت نے شریک ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کیخلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔جبکہ آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں احد خان چیمہ اور شاہد شفیق سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں9اگست تک توسیع کر دی۔تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت نے شریک ملزمان نعیم محمود، سعید احمد اور منصور رضا کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔ نیب سے ملزمان کے خلاف مزید شہادتیں طلب کرتے ہوئے احتساب عدالت نے شریک ملزمان کیخلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں احد خان چیمہ اور شاہد شفیق سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9اگست تک توسیع کر دی گئی ۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ 16ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے61کروڑ روپے جمع کروائے،تین سال گزرجانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔احد چیمہ نے بطورڈی جی ایل ڈی اے 14ارب روپے کے منصوبے کا ٹھیکہ لاہور کاساکمپنی کو دیا۔ کمپنی کو 15کروڑ روپے سے زائد رقم کا معاہدہ دیا جانا غیر قانونی ہے،کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 64 کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد احد چیمہ اور شاہد شفیق سمیت دیگر ملزمان کو 9اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

Comments (0)
Add Comment