شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی – جھگڑے میں نوجوان ہلاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی میں شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی ہلاک ہوگئی۔ بن قاسم میں جھگڑے کے دوران سر پر ڈنڈا لگنے سے نوجوان ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نصرت بھٹو کالونی میں شوہر کے مبینہ تشدد سے 20 سالہ عروج ہلاک ہوگئی۔’’امت‘‘ کو مقتولہ کے چچا سلامت علی نے بتایا کہ عروج نے 2017 میں گھر سے بھاگ کر طاہر نامی نوجوان سے کورٹ میرج کی تھی، جس کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ نصرت بھٹو کالونی میں ہی رہائش پذیر تھی۔شادی کے کچھ عرصے بعد ہی اس نے ہم سے رابطہ کیا اور کہا کہ میرا شوہر مجھ پر بدترین تشدد کرتا ہے اور میں اس سے شادی کرکے پھنس گئی ہوں۔ جمعرات کو اس کے شوہر طاہر نے عروج پر تشدد کرکے گھر بھیج دیا تھا، لیکن ہم نے عروج کو واپس جانے کا کہا۔جمعہ کی صبح ہمارے پاس فون آیا کہ عروج کی طبعیت خراب ہوگئی اور کچھ ہی منٹ بعد پتہ چلا کہ عروج ہلاک ہوگئی ہے۔سلامت علی کا کہنا تھا کہ میری بھتیجی کو قتل کیا گیا۔ ہم تدفین کے بعد عروج کے شوہر طاہر کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔بن قاسم تھانے کی حدود پورٹ قاسم کنٹری کلب کے قریب جھگڑے کے دوران سر پر ڈنڈا لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے ملزم شوکت کو گرفتار کرلیا۔ایس ایچ او وقار تنولی نے بتایا کہ مقتول کی اسپتال میں شناخت 24سالہ محمد شاہد ولد میوہ خان کے نام سے ہوئی۔مقتول اور ملزم آپس میں رشتے دار ہیں۔ان کی کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا، جس پر دونوں نے ایک دوسرے کو مارنا شروع کردیا۔اسی دوران ملزم نے مقتول کے سر پر ڈنڈا مار دیا، جس سے وہ موقع پر چل بسا۔

Comments (0)
Add Comment