سابق بھارتی کرکٹر سدھو بھی عمران خان کے فین نکلے

نئی دہلی (امت نیوز ) سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے ممکنہ وزیر اعظم عمرا ن خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی زیر قیادت قومی اسمبلی کی 269میں سے 119 نشستیں حاصل کرکے اس وقت حکومت بنانے کے لیے اپنی پوزیشن انتہائی مضبو ط کرلی ہے جب کہ سابق کپتان ملک کے 19ویں ممکنہ وزیر اعظم بھی ہوں گے۔عمرا ن خان کے وزیر اعظم بننے کو بھارتی میڈیا پر بھی بہت دلچسپی سے دیکھا جارہا ہے بھارتی ٹی وی چینل نے عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے حوالے سے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سے گفتگو میں ان سے لیجنڈری آل رائونڈر کے حوالے سے استفسار کیا جس پر نوجوت سنگھ سدھو کاکہنا تھا کہ عمران خان بہترین لیڈرہیں، وہ سسٹم کوکچھ دینے آئے ہیں،لینے نہیں آئے ، وہ پاکستان کی ڈوبتی معیشت کوبچائیں گے اور مشکل وقت میں کسی کوقربانی کابکرانہیں بنائیں گے۔نوجوت سنگھ سدھو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نیک ،پاک اورپاکیزہ ہیں جو ہمیشہ جوڑنے کی بات کریں گے توڑنے نہیں۔

Comments (0)
Add Comment