منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کیلئے پیشی سے زرداری-فریال کا گریز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے ایک بار پھر ایف آئی اے میں پیش ہونے سے گریز کیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 35 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا تھا، تاہم دونوں پی پی رہنما پیش نہ ہوئے۔ ایف آئی اے زونل ڈائریکٹریٹ میں فریال تالپور کی جانب سے ایڈوکیٹ مزمل قریشی پیش ہوئے اور نئی تاریخ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ بینکنگ کورٹ میں اپنی عبوری ضمانت کی توثیق میں مصروف ہیں، اس لئے حاضر نہیں ہوسکتیں۔ ادھر فریال تالپور کراچی میں خصوصی بینکنگ عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنی عبوری ضمانت کی توثیق کیلئے 20 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرا دئیے۔ انہوں نے 6 اگست تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے۔ فریال تالپور نے 6 روز پہلے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لی تھی، جس کی مدت ختم ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو 11 جولائی کو بھی طلب کیا تھا، تاہم وہ اس وقت بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت انور مجید عبدالغنی مجید، اسلم مسعود ، محمد عارف خان، عدیل راشدی، ناصر عبداللہ، حسین لوتھا، محمد اشرف، عدنان جاوید، محمد عمیر، اقبال آرائیں، قاسم علی ، شہزاد علی اور اعظم وزیر خان کو مفرور قرار دیا ہے، جس کے بعد فریال تالپور کی جانب سے حفاظتی ضمانت حاصل کی گئی ہے۔ کیس میں حسین لوائی اور طحٰہ رضا گرفتار ہیں۔

Comments (0)
Add Comment