کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ کے سابق ایم پی اے کے قتل کیس میں کالعدم تنظیم کے کارکن کو پھانسی کی سزا سنادی ۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالتوں کے منتظم جج نے بارودی مواداور ناجائز اسلحہ کے مقدمہ میں کالعدم تحریک طالبان کے 4کارندوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ خصوصی عدالت میں متحدہ کے سابق رکن سندھ اسمبلی منظر امام کے مقدمہ قتل کی سماعت کے موقع پر ملزم محمد عاشق کو پیش کیا گیاعدالت نے محمد عاشق کو سزائے موت کا حکم سنا دیا ، عدالت نے مجرم کو اسلحہ ایکٹ میں مزید 5 سال قید اور مجموعی 4 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے ۔استغاثہ کے مطابق منظر امام کو2013میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتھا ۔دریں اثنا منتظم جج نےگلشن معمار سے رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں گرفتار کالعدم تحریک طالبان کے4دہشتگردوں احمد نواز ،محمدعزیز،زعفران اور محمد نورکوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا واضح رہے کہ خفیہ اطلاع پررینجرزاور پولیس نے گلشن معمار میں آپریشن کیا تھااس دوران دہشت گرد مشرف محسود عرف سیف اللہ فرار کی کوشش میں دو منزلہ عمارت سے چھلانگ لگاتے ہوئے شدید زخمی ہوا جواسپتال میں چل بسا تھا۔