کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سندھ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔نجی چینل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں گورنرسندھ بننے والے محمد زبیر عمر نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ممنون حسین کو بھجوادیا ہے۔گزشتہ روز تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی سندھ ، پنجاب اور خیبر پختون کے گورنرز کی حیثیت سے کام کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو ہٹایا جائے گا۔گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا کافی سامان ذاتی گھر منتقل کردیا۔باقی سامان لے کر جلد گورنر ہاؤس خالی کردوں گا۔محمد زبیر نے فروری 2017ء میں سندھ کے 32 ویں گورنر کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا، وہ ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے۔واضح رہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک رفیق رجوانہ اور خیبر پختون میں اقبال ظفر جھگڑا گورنر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔