سرگودھا(نیوز ایجنسیاں) سرگودھا اور خوشاب میں چھتیں گرنے سے باپ بیٹی سمیت 6 افراد جاں بحق ،لوئر دیر میں 2خواتین اور 2 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے ۔ حادثات میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ نے مرنے والوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اورسرگودھا واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا خوشاب روڈ کے موضع ویگووال میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے میاں بیوی سمیت9 افراد ملبہ تلے دب گے جن میں باپ بیٹی سمیت چار افراد موقع پر جاں بحق اور میاں بیٹیاں اور بچی شدید زخمی ہو گئے جن میں تین کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے سرگودھا میں خوشاب روڈ کے موضع ویگووال کے قریب مکان کی بوسیدہ چھت اچانک گرنے سے سوئے ہوئے دو گھرانوں کے خواتین سمیت 9افراد ملبہ تلے دب گئے۔ڈسڑکٹ آفیسر ایسکیو مظہر شاہ نے بتایا کہ عمارت کی چھت گرنے کے واقعہ میں ملبہ تلے دب کر 60سالہ محمد خان ولد صالح محمد،اس کی بیٹی 30سالہ نسرین بی بی دختر محمد خان،55سالہ محمد حیات ولد سردار اور پانچ سالہ علی اکبر ولدعبدالروف موقع پر جانبحق اور 60سالہ غلام فاطمہ زوجہ محمد خان، 15سالہ مقدس دختر محمد خان،20سالہ عمرین بی بی دختر محمد خان،10سالہ صدف بی بی دختر محمد خان، 2سالہ عائشہ نور دختر عبدالروف زخمی ہو گے جن میں تشویشناک حالت کے باعث تین افراد عمرین، عائشہ نور،صدف کو فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایک دوسرے واقعے میں خوشاب کے نواحی علاقہ پیڑھاکلوال میں بھی طوفانی بارشوں سے مکان کی چھت گرگئی۔ چھت گرنے سے 2خواتین جاں بحق ہوگئیں ہیں۔ ادھر لوئردیر میں سیلابی ریلے میں بہنے والی 2خواتین اور 2بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ ایک ہی گھر سے تمام جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ چاروں مدرسے آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے۔ دیرلویر کے علاقہ مرخنی کے مقام پر مسماتہ ( پ) زوجہ شیرمحمد اُس کا دس سالہ بیٹا عزیز ،مسماتہ ( م ) زوجہ نذیراحمد اور جوا د و لد تاج محمد خان عمر نو سال مقامی مدرسہ سے واپس گھر آرہے تھے کہ مر خنی میدان کے مقام پر شدید بارش کے بعد برساتی ریلے کی زد میں آگئے۔ذرائع کے مطابق خواتین بچوں کو گھر لے جانے کے لئے آئی تھیں کہ مدرسے سے واپسی پر راستہ میں حادثہ پیش آیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے سرگودھا کے علاقے میں چھت گرنے سے 4افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔