3 نو عمر لڑکیوں نے قراقرم کی چوٹی منگلیسر سر کر لی

اسکردو( خبرایجنسیاں)3 پاکستانی نو عمر لڑکیوں نے شمشال ویلی میں قراقرم پہاڑی سلسلہ کی 6 ہزار 80 میڑ طویل منگلیسر چوٹی سر کرلی۔ 13سالہ آمنہ حنیف ،14سالہ مریم بشیراور15سالہ سادیہ بتول گلگت بلتستان ویلی کی رہائش پذیر ہیں۔تینوں نو عمر لڑکیوں نے اپنے دادا لیٹل کریم، محمد حنیف اور دیگر چار غیر ملکی کوہ پیمائوں کے ہمراہ 24جولائی کو چوٹی سر کرنے میں کامیاب ہوئیں۔کامیاب کوہ پیمائی کے حوالے سے تینوں نے بات چیت میں اپنے دادا کا شکریہ کیا اور کہا کہ اگر ہمارے دادا ہمیں حوصلہ نہیں دیتے تو ہم اس تاریخی کارنامے کو سرانجام نہیں دے سکتیں، اب ہم دنیا میں سب سے کم عمر لڑکیاں کوہ پیما بن کر ابھری ہیں۔آمنہ نے کہا کہ یہ کوہ پیمائی آغاز ہے اور مستقبل میں دنیا کی خطرناک ترین چوٹیاں سر کرنے کا پختہ ارادہ ہے۔آمنہ اور مریم کے والد محمد حنیف نے بتایا کہ انہوں نے اپنا سفر 16جولائی کو شروع کیا اور انتہائی جدوجہد اور محنت کے بعد ان کی بیٹیوں نے 24جولائی کو کامیابی سے چوٹی سر کی۔اس ضمن میں انہوں نے ہسپانوی کوہ پیماہ ماریہ مارکو کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت اور رہنمائی سے لڑکیوں نے کامیاب کو پیمائی کی۔دوسری جانب لیٹل کریم نے اپنی پوتی اور نواسیوں کی کامیابی پر تسلی اور خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ مذکورہ کوہ پیمائی کا مقصد گلگت بلتستان میں خواتین کو حوصلہ دینا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ کوہ پیمائی میں بلتستان کی خواتین غیر معمولی صلاحیت کی حامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment