بیرونی لوگ آگئے-مہاجروں کا کراچی کے سوا کوئی ٹھکانہ نہیں-آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے کہا ہے کہ میں کہتا تھا کہ لوگ شہر کو لا وارث سمجھ کر لوٹنے آ رہے ہیں، انہیں روکو لیکن کسی نے میری نہ سنی، بیرونی لوگوں کے پاس تو باہر بہت جگہ ہے، مہاجروں کا اس شہر کے سوا اور کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، جب شہر میں لاشیں گرتی تھیں تو کسی کا ضمیر نہ جاگا آج قبضہ کرنے سب آ گئے۔ انتخابات میں ہونیوالی سازش کو ناکام بنانے میں ہم ناکام رہے، جس پر میں نے پارٹی چیئرمین شپ سے استعفی دیا ہے، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کراچی کو مہاجروں سے چھین کر غیروں کے حوالے کر دیا جائے گا، میری یہ بات سچ ثابت ہو گئی ہے۔ این اے 240 میں کارکنوں و دیگر کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ عجیب نہیں کہ جو لوگ میثاق جمہوریت کا حصہ نہیں وہ سب آج اسمبلی میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام کو بلڈی سویلین کہتے ہیں وہ خدا نہیں ہیں۔ ہمارے جو بھی لوگ ووٹ ڈالنے گئے ان کے بیلٹ پیپر کے پیچھے مہر ہی نہیں لگائی جا رہی تھی، ہمارے لوگوں کے کارڈ دیکھ کر انہیں ووٹنگ سے روکا جاتا رہا، ہمارے سو میں سے 80 ووٹ مہر نہ لگنے ہونے پر مسترد کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر شہر میں تحریک انصاف کا مئیر آگیا تو اس شہر پر ہمارا دعوٰی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو ہو رہا ہے، وہ ہماری زبان کی بنیاد پر ہو رہا ہے، اگر الطاف کے مردہ باد کہنے پر ہوتا تو وہ تو اس نے 2007 میں بھی کہا تھا، جس کے بعد مشرف نے اس کیلئے ڈنر کیا تھا، ہمارے ادارے کیا فیڈر پیتے تھے جو انہیں الطاف کا مردہ باد کہنا سمجھ نہیں آیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment