کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سعید منگیجو نے ضلع غربی کے مختلف علاقوں بلدیہ، اورنگی اور سائٹ زون کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے مرکز شکایت بلدیہ ، اورنگی و سائٹ زون کے ورکشاپ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے مذکورہ ٹاؤنز کے علاقوں سے پرانا سامان اور کچرے کے علاوہ گرین بیلٹس فوری صاف کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ تمام زونز میں شکایتی مراکز کو مزید فعال بنانے کیلئے چائنا کمپنی کو اقدامات تیز کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ جس زون میں ابھی تک مرکز شکایت فعال نہیں ہے وہاں عیدالاضحیٰ سے قبل سینٹر فعال کیا جائے تاکہ شہریوں کی شکایات بلا تاخیر ازالہ ہو سکے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشن فرخ شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن ضلع غربی نوید لاڑک، کنسلٹنٹ اینڈ لوکل پارٹنر چائینز کمپنی فیصل رحمن ، چائنیز کمپنی کے ڈائریکٹر آپریشن فرحان لودھی، جی ایم ذیشان اجمل و دیگر افسران موجود تھے۔ دریں اثنا انہوں نے فور کے چورنگی پر جمع کچرا اٹھانے کے کام کا بھی معائنہ کیا اور اگلے ہفتے تک مکمل صفائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ورکشاپ کے دورے کے دوران تمام گاڑیوں کو عیدالاضحی سے قبل فعال کرنے کیلئے حکمت عملی بنانے اور عوام کو ریلیف فراہمی کے تمام انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔