کراچی( امت نیوز)سی پیک کے تحت پاکستان میں انڈسٹریل پارکس کے قیام کی منصوبہ بندی اورصنعتی ترقی کے حوالے سے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لئے پاکستانی وفد اتوار کو بیجنگ روانہ ہو گیا۔دورے کی دعوت چین کے تیانجن ٹیڈا گروپ نے دی ہے، جسے حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔وفد میں سرمایہ کاری،کسٹمز،ٹیکسیشن،ہیومن ریسورسز، ٹیکنالوجی،اکنامک پارکس اوردیگرمتعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والےسرکاری عہدیداران وماہرین شامل ہیں۔پاکستانی وفد22 اگست تک چین میں قیام کرے گا۔اس دوران بیجنگ،تیانجن اور شین ژن میں سیمینارز اور دوروں کا اہتمام کیا گیا ہے ،جن میں ٹیڈا گروپ کے عہدیداران انڈسٹریل پارکس کی تعمیر، انتظام، طریقہ کار،سرمایہ کاری کے فروغ کی پالیسیزاورصنعتی ترقی پرروشنی ڈالیں گے۔ چین کے صنعتی شہروں کی ثقافت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔پاکستانی وفد تیانجن میں ٹیڈا ایڈمنسٹریٹیو اپروول سینٹر، صنعتوں،ٹیڈا کے مغربی ضلع، تیانجن کے اطراف کے علاقے۔تیانجن ایئرپورٹ اکنامک زون اور ہائی ٹیک سائنٹیفک اور ٹیکنالوجیکل پارکس کا دورہ کرے گا،اسکے علاوہ بیجنگ میں چین کی عظیم دیواراور تیان من اسکوائر کے ثقافتی تجربات سے مستفید ہو گا۔جبکہ شین ژن کے سوک سینٹر، شیکو، ہانگ کیانگ بی الیکٹرانکس اسٹریٹ بھی جائے گا۔پاکستانی وفد میں عبدالناصر افغان، سہیل احمد انصاری، محمد وقاص عبید، عبدالنعیم شیخ، سید محمد حسن نقوی، محمد عثمان خالد، فرحان بیگ، عامرعلی، احمد جنید، عبداللہ خان، مطیع اللہ، یار محمد، عبدالرئوف، محمد حامد سعید،سید محمد علی شاہ، محمد وقاص اسلم، شازیہ انصاری، نادیہ حسین، سید عادل افتخار، ملک محمد کھوکھر، سلمان محمود،کشور ساکن، عبدالسمیع، فرخ محبوب سید، محمد امین، عبدالحامد، عمازیہ حنیف، حسن بن ہارون، محمد اقبال، عادل کریم، حافظ غلام مرتضیٰ،عدنان منیر راجپوت،عتیق احمد خان سیال، سید ذوالفقار علی شاہ، قاضی اعجاز احمد مہیسر اور دیگر شامل ہیں۔تیانجن اور دیگر شہروں میں سیمینارز میں لیکچر دینے والوں میں ٹیڈا گروپ کے اوورسیز ڈیپارٹمنٹ کے جنرل منیجر سو ین شینگ اوردیگر عہدیداران، چینی نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیٹی کے ڈویژن چیف ژیائوژن، ڈن جی انٹرنیشنل فوڈ کمپنی کے ڈویژن چیف ژین یوآن ، ایڈمنسٹریٹیو کمیشن آف سینو۔سنگاپور تیان جن اکنامک سٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر یانگ ژی زی، تیان جان نان کائی یونیورسٹی کے اسکول آف اکنامکس کے اسسٹنٹ ڈین شینگ بن، تیان جن ایئرپورٹ فری ٹریڈ زون کے پالیسی ریسرچ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈونگ وی زونگ، چائنہ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ریسرچر لیو رانگزن و دیگر شامل ہونگے۔ چینی ماہرین کے لیکچرز اور دوروں میں چین میں اقتصادی اصلاحات،عالمی اسپیشل اکنامک زونز کے فلسفے، چین میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، ون اسٹاپ سروس، ماحولیاتی تحفظ اور گرین پارکس، چین کے خصوصی کسٹم زون،مالیاتی اور ٹیکس منیجمنٹ اور صنعتی ترقی سے متعلق دیگر امورپرروشنی ڈالی جائے گی۔ پاکستانی عہدیداران صنعتی منصوبوں کے حوالے سے اپنے خیالات اور تجربات کا اظہار کرینگے جبکہ انڈسٹریل پارکس کا پروگرام پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ انڈسٹریل پارک غیر ملکی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور حکومتی نمائندگان کے تحفط کیلئے محفوظ اوربہترجگہوں پربنائے جاتے ہیں۔چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں 9خصوصی صنعتی پارکس بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ان پارکس کی بدولت پاکستان میں چین اورپاکستان کے سرمایہ کاروں کے اشتراک سے صنعتی یونٹس لگائے جائیں گے جن سے بڑے پیمانے پر لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔