اسلام آباد/دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تقریب میں سارک کے تمام رکن ممالک کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت خطے کو محفوظ اور پر امن بنانے کے لیے کام کرے گی۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی تقریب حلف برداری میں سارک ممالک کے سربراہان کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان کی تقریب حلف برداری میں معروف بھارتی تاجر اور کھلاڑیوں کی شرکت کا بھی امکان ہے،بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور کرکٹ کے ایک بڑے فنانسر وینو گوپال دھوت کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دفتر سے انہیں پاکستان جانے کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ وینو گوپال دھوت بھارت کی سب سے بڑی الیکٹرونکس مصنوعات بنانے والی کمپنی ویڈیو کون کے چیئرمین بھی ہیں۔ وینو گوپال نے مزید بتایا کہ عمران خان کے کرکٹر دوستوں کا بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان جانے کا امکان ہے۔ جب بھارتی وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع سے اس حوالے سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ابھی تک بھارت نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا باضابطہ فیصلہ نہیں کیا ہے۔دوسری جانب بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت خطے کو محفوظ اور پر امن بنانے کے لیے کام کرے گی۔ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت خوش حال اور ترقی پسند پاکستان کا خواہش مند ہے، امید کرتے ہیں نئی حکومت جنوبی ایشیا کو محفوظ، مستحکم پُرامن اور دہشت گردی و تشدد سے پاک خطہ بنانے کے لیے تعمیری کام کرے گی۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے انتخابات کے ذریعے جمہوریت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے، نئی حکومت سے دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کی توقع ہے۔