اشرف غنی کا فون-عمران نے دورہ کابل کی دعوت قبول کرلی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور دورہ کابل کی دعوت بھی دی جسے پاکستان کے متوقع وزیراعظم نے قبول کر لیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے نعیم الحق نے بتایا کہ افغان صدر اشرف غنی نے عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔انہوں نے بتایا کہ افغان صدر کا عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک بھائی چارے، ہمسائیگی اور دوستی کے دیرینہ رشتوں سے منسلک ہیں۔ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ افغان صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان افغانستان میں بہت مقبول اور نوجوانوں کے ہیرو ہیں، افغان نوجوانوں میں عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے ہی افغانستان میں کرکٹ کو فروغ ملا۔نعیم الحق نے یہ بھی بتایا کہ افغان صدر نے عمران خان کو افغانستان کے دورے کی پیشکش کی ہے جسے عمران خان نے قبول کر لیا ہے۔تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے افغان صدر کا شکریہ ادا کیا گیا۔عمران خان نے اشرف غنی سے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل امن اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور تحریک انصاف کی نگاہ میں پاک افغان تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات میں سرگرمی اور تحریک لائے گی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان نے اظہار تشکر کے ساتھ دورہ افغانستان کی دعوت بھی قبول کرلی اور کہا کہ حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی افغانستان کا دورہ کروں گا۔

Comments (0)
Add Comment