اسلام آباد(نمائندہ امت)پاکستان تحریک انصاف نے مرکزی حکومت سمیت دیگر صوبو ں کے گورنرزاور وزراء اعلیٰ کے حوالے سے عبوری فہرست مرتب کرلی ہے تاہم اس میں سیاسی جماعتوں سے نمبرگیم پوراکرنے اور معاملات کوآگے بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلی کاامکان ہے ۔ سوشل میڈیا پر زیرگردش فہرست کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان ،صدرمملکت جسٹس(ر)ناصرہ اقبال ،گورنرپنجا ب علیم خان ،گورنرکے پی کے علی اصغر،وزیراعلیٰ پنجاب میجرطاہر صادق ،وزیراعلی کے پی کے عاطف خان ،وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری ،سپیکرقومی اسمبلی پرویزخٹک ،نیشنل سکیورٹی ایڈوائزراشفاق ندیم احمد،وزارت داخلہ شاہ محمودقریشی ، وزارت خارجہ خسروبختیار ،دفاع ڈاکٹر شیرین مزاری ،وزیرخزانہ اسدعمر،وزیرتوانائی نجیب ہارون ،وزارت صحت غزنہ خالد،وزیرقانون فروغ نسیم ،انسانی حقوق وزارت ڈاکٹرعارف علوی ،وزارت ریلوے شیخ رشیداحمد،صنعت عمرایوب خان ، وزارت ماحولیات امین اسلم ،پلاننگ اینڈڈویلپنمنٹ ڈاکٹر عطاء الرحمان ،سیاحت شہریارآفریدی ،مذہبی امور علی ایم خان ،اور تعلیم کے لیے انوار الحق کاکڑ کانام شامل ہے ۔ذرائع نے روزنامہ امت کوبتایاکہ یہ عبوری فہرست پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے بعض قریبی دوستوں کی مشاورت سے بہت پہلے بنائی تھی جس پر اب بھی غور کیاجارہاہے اور اس کے مطابق وزارتوں بارے فیصلہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے بعض وزارتیں ٹیکنوکریٹ ارکان کودی جائیں گی ۔ذرائع کاکہناہے کہ عمران خان فی الوقت وفاقی حکومت کی نمبرگیم مکمل کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ پی ٹی آئی وفاقی حکومت میں آنے کے بعدبعض دیگر محکمون میں بھی تبدیلی کی خواہان ہے جس میں انٹی کرپشن کامحکمہ شعیب سڈل ،ایف آئی اے واجدضیاء اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی احسان مانی کے حوالے کرنے بارے بھی سوچ وبچار کررہی ہے تاہم اس بارے ابھی حتمی فیصلہ حالات کودیکھ کرکیاجائیگایہ بھی ممکن ہے کہ نمبرگیم مکمل کرنے کے لیے جن سیاسی جماعتوں کواپنے ساتھ پی ٹی آئی شامل کرے گی ان سیاسی جماعتوں کوبھی کچھ نہ دکچھ دیناہوگااس لیے درج بالاوزارتوں اور دیگر حوالوں سے تبدیلی کی جاسکتی ہے ۔