جسٹس شوکت کے خلاف ریفرنس کی آج سماعت – اہم مقدمات سے باہر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )اسلام آبادہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کے خلاف دائرریفرنسزکی سماعت سپریم جوڈیشل کونسل آج پیر کوکھلی عدالت میں کرے گی اس دوران جسٹس شوکت صدیقی کے وکیل دلائل دیں گے جبکہ دوسری جانب آرٹیکل 62 کے تحت عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کرنے والے اسلام آبادہائیکورٹ کے بنچ کو تبدیل کردیا گیا اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بنچ سے الگ کردیا۔کئی اہم مقدمات کی سماعت سے بھی جسٹس شوکت صدیقی کوالگ کردیاگیاہے ۔جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے عمران خاں کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے،جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنی بیٹی ٹیریان سے متعلق جھوٹ بولا،عدالت سے استدعا ہے کہ جھوٹ بولنے پرعمران خان کونااہل قراردیاجائے۔کیس کی سماعت کیلئے جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ تشکیل دیا گیا تھااوربنچ نے عمران خان سے یکم اگست تک جواب طلب کررکھا ہے۔تاہم جسٹس شوکت عزیز صدیقی کوبنچ سے الگ کردیا گیا ہے اورجسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل نیا بنچ تشکیل دیدیا گیا ہے۔ ذرائع نے روزنامہ امت کوبتایاہے کہ جسٹس شوکت صدیقی کوعمران خان نااہلی کیس سمیت دیگر مقدمات کی سماعت سے بھی الگ کیاگیاہے ان مقدمات میں اہم ترین بحریہ تاؤن ،ای اوبی آئی ظفراقبال گوندل کیس ،پرائیویٹ سکولوں میں فیس کامعاملہ ،سمیت دیگرمقدمات شامل ہیں ۔جبکہ دوسری جانب سپریم جوڈیشل کونسل میں آج پیر کوجسٹس شوکت صدیقی کے خلاف دائرریفرنسزکی سماعت کھلی عدالت میں ہوگی جس کی سربراہی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کریں گے ۔بنچ میں جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ اور جسٹس گلزاراحمدبھی شامل ہوں گے ۔شام چار بجے سماعت کی جائیگی ۔ذرائع نے’’ روزنامہ امت ‘‘کوبتایاکہ اس سماعت کے دوران اسلام آبادہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے جسٹس شوکت صدیقی کے معاملے پر رپورٹ بھی پیش کیے جانے او راس کاجائزہ لیے جانے کابھی امکان ہے ۔جسٹس شوکت صدیقی کی جانب سے حامدخان ایڈووکیٹ پیش ہونگے ۔

Comments (0)
Add Comment