بدین (نمائندہ امت) بدین کے حلقے این اے 230 اور پی ایس 73 پر دوبارہ گنتی متنازعہ ہوگئی ۔ ڈی آر او نے معاملہ الیکشن ٹربیونل کے سپرد کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بدین میں 28 جولائی کو این اے 230اور پی ایس 73 پر دوبارہ گنتی کا آغاز ہوا ، دوبارہ گنتی کے لئے پی ایس 73پرجی ڈی اے رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اپنے مخالف پیپلز پارٹی کے امیدوار تاج محمد ملاح کے خلاف درخواست دائر کی تھی جبکہ این اے 230 پر پیپلز پارٹی کے رسول بخش چانڈیو نے نے اپنے مخالف امیدوار ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس پر تاج محمد ملاح کو 280 ووٹوں کی برتری جبکہ قومی حلقہ پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو 880 ووٹوں کی برتری حاصل تھی ۔ 28 جولائی کی دوبارہ گنتی کرنے پر 7 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کی گنتی میں پیپلز پارٹی کو 100 ووٹوں کی برتری حاصل ہو چکی تھی۔ گزشتہ روز جی ڈی اے رہنما ڈاکٹرذولفقار مرزا نے اپنی اہلیہ کے مخالف امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو کے وکیل کے ساتھ تلخ کلامی کی جس پر وکیل نے دوبارہ گنتی میں بیٹھنے سے انکار کر دیا۔ ڈی آر او بدین نےبھی معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے دوبارہ گنتی کا معاملہ الیکشن ٹربیونل بھیجنے کا لیٹر جاری کر دیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹرذولفقار مرزا نے الیکشن عملے کے ساتھ تلخ کلامی کی ویڈیو ڈی آر اور بدین کے سی سی ٹی وی ریکارڈ میں موجود ہے۔ جبکہ انہوں نے ایک صحافی کو بھی اپنے اعتاب کا نشانہ بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دوبارہ گنتی میں جی ڈی اے کی قومی اسمبلی کی نشتم بھی جاتی ہوئی دیکھائی دے رہی تھی۔