دھاندلی کیخلاف مظاہرے جاری – آج اے این پی احتجاج کرے گی

بونیر ؍ بنوں ؍ بدین(نمائندگان امت ؍ خبرایجنسیاں) خیبر پختون کے شہروں بونیر اور بدین میں حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف مجلس عمل ، تحریک انصاف کے تحت احتجاجی مظاہرے کئے ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے تحت پیر کو خیبر پختون میں احتجاج کیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق ایم ایم اے میں شامل جمعیت علما اسلام ف کے تحت سواڑی بازار بونیر میں مبینہ الیکشن دھاندلی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے بونیر شانگلہ روڈ بند کر دیا۔ اس موقع پر ریٹرننگ افسر اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی گئی ۔اس موقع پر جے یو آئی بونیر کے ضلعی امیر و پی کے 20سےامیدوار مفتی فضل غفور،این اے9سے امیدوار حاجی استقبال خان نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں ان کے ووٹ غائب کئے گئے ۔انہوں نے اس موقع پر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ مولانا فضل الرحمان ،اسفند یار ولی خان ،آفتاب احمد خان شیرپاؤ ،محمود اچکزئی اور سراج الحق جیسے مدبر سیاستدانوں کو ہرانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں تھی۔بنوں میں تحریک انصاف کے حلقہ پی کے87 سے امیدوار زاہد وزیر کی قیادت میں کارکنوں نے احتجاج کے دوران انڈس ہائی وے بند کر دی ،جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔پی ٹی آئی کے امیدوار کا کہنا تھا کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے شیر اعظم وزیر نے دھاندلی کی۔دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے سے الیکشن افسران کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان اُٹھنے لگے ہیں۔سندھ کے ساحلی شہر بدین میں متحدہ مجلس عمل کے تحت الیکشن میں مبینہ دھاندلی اور نتائج کے تاخیر سے اجرا پر مجلس عمل کے ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالواحد فاروقی کی قیادت میں اللہ والا چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ۔ایم ایم اے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری مشینری استعمال کر کے ان کےووٹرز کو ہراساں کیا گیا اور پولنگ ایجنٹوں کو زبردستی باہر نکال کر مرضی کے نتائج مرتب کئے گئے ۔ادھر اے این پی کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پیر کو پشاور،نوشہرہ اور لوئر دیر میں احتجاجی مظاہروں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پشاور میں پیر کی شام 4بجے جناح پارک پر مظاہرہ ہو گا ،جس سے پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔نوشہرہ میں بھی احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں۔ احتجاجی جلوس میں اے این پی کی ذیلی تنظیموں کے کارکنوں کی شرکت کا بھی متوقع ہے۔ضلع لوئر دیر میں دن10 بجے شہید چوک تیمر گرہ میں مظاہرہ ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment