پی سی بی میں افواہوں کا بازار گرم ہوگیا

کراچی(امت نیوز) پی سی بی میں ’’تبدیلی‘‘ کیلیے افواہوں کا بازار گرم ہوگیا، مستقبل کے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کیلیے جانے والے ہر سابق کرکٹر کو چیئرمین نجم سیٹھی کا متبادل قرار دیا جانے لگا۔عام انتخابات میں سابق کپتان عمران خان کی فتح کے بعد پی سی بی میں تبدیلی کی باتیں زور پکڑ گئی ہیں،زیادہ تر لوگوں کا یہی خیال ہے کہ ماضی کے بعض معاملات کی وجہ سے مستقبل کے وزیر اعظم موجودہ چیئرمین کو عہدے پر برقرار نہیں رکھیں گے، بطور متبادل ہر روز نئے نام سامنے آ رہے ہیں، عمران خان کو مبارکباد دینے کیلیے جانے والے ہر سابق کرکٹر کو نیا چیئرمین کرکٹ بورڈ قرار دیا جانے لگا۔احسان مانی کا نام گذشتہ کئی روز سے خبروں میں ہے، اس حوالے سے میڈیا نے ان سے استفسار کیا تو آئی سی سی کے سابق صدر نے کہا کہ مجھ سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا، جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر پیشکش ہوئی توکیا وہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ قبول کرلیں گے تو احسان مانی نے کہا کہ اس پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ چیئرمین کی پوسٹ میں دلچسپی نہیں رکھتے، انھیں انتظامی امور کا بھی زیادہ تجربہ نہیں ہے، عمران خان سے قربت رکھنے والے جاوید میانداد کا نام بھی سامنے آیا مگر انھیں اتنا بڑا عہدہ ملنے کا زیادہ امکان نہیں ہے۔

Comments (0)
Add Comment