غزہ ناکہ بندی توڑنے کی کوشش پر 22 گرفتار

غزہ(امت نیوز)اسرائیلی بحریہ نے محصور غزہ مکینوں کیلئے ادویات لے کر جانے والی ایک کشتی پکڑ کر اس میں سوار 22 افراد گرفتار کر لئے ہیں۔تمام گرفتار شدگان اور کشتی کو اشدود کی بندر گاہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔ اسرائیلی محاصرہ توڑنے کیلئے سرگرم فریڈم فلوٹیلا نے امریکہ ،کینیڈا، برطانیہ،فرانس،جرمنی،ناروے،سویڈن،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ،ملائیشیااوردنیا بھر کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ العودہ میں سوار تمام 22رضا کاروں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔فلوٹیلا میں یوناٹن شاپیرا نامی اسرائیلی انسانی حقوق کا کارکن بھی شامل ہے ،جو غزہ کا محاصرہ توڑنے کی کوشش میں چوتھی بار شامل ہوا ہے ۔ فریڈم فلوٹیلا گروپ کی جانب سے بھیجی گئی العودہ نامی کشتی پر سویڈن کا پرچم لہرا رہا تھا ۔فلوٹیلا گروپ کی جانب سے مئی کے وسط میں 4کشتیاں ناروے سے روانہ ہوئی تھیں ،جو بحری سفر پر 28 بندرگاہوں پر قیام کے بعد اتوار اور پیر کی درمیانی شب غزہ سے 18ناٹیکل میل کی دوری پر اسرائیل کی بحریہ کے نرغے میں آگئیں۔فریڈم فلوٹیلا اتحاد کے ترجمان کا کہناہے کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔فلوٹیلا ترجمان کے مطابق اسرائیل کی فوج اسے اپنی کوششیں ترک کرنے کیلئے دھمکا رہی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی ریاست کوغزہ کا محاصرہ ختم کرانے کیلئے مجبور کرے اور تمام فلسطینیوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دے۔

Comments (0)
Add Comment